نئی دہلی،10؍جنوری(آئی این ایس انڈیا) کارپوریشنوں کی بقایا رقم کے لیے بی جے پی نے سی ایم اروند کیجریوال کے خلاف دستخطی مہم شروع کی ہے۔ سابق مرکزی وزیروجے گوئل نے ارونا نگر مین مارکیٹ، مجنوں کا ٹیلا میں دستخطی مہم چلائی۔ گوئل نے اروند کیجریوال حکومت سے سیاسی عداوت کو ختم کرنے اور کارپوریشن کے واجبات کا فوری طور پر 13000 کروڑ روپئے جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
گوئل نے یہ نہیں بتایا کہ ریاستوں کی کتنی جی ایس ٹی کی رقم مودی حکومت پرباقی ہے۔ گوئل نے کہا ہے کہ دہلی حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ دہلی کے عوام کیجریوال حکومت اور بی جے پی کے زیر اقتدار کارپوریشنوں کے مابین سیاسی اختلافات سے پریشان نہ ہوں۔
گوئل نے کہا ہے کہ دنیا سے لے کر ملک تک، ریاستی حکومت صرف کارپوریشن چلانے کے لیے فنڈز جاری کرتی ہے۔ کارپوریشن کا کام صرف خدمت کرنا ہے، نہ کہ پیسہ کمانا۔ کجریوال اپنے گھر سے کارپوریشن کو رقم جاری نہیں کررہے ہیں۔
بی جے پی کے زیر اقتدار میونسپل کارپوریشن جلد سے جلد ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے محصول میں اضافہ کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ دہلی حکومت کے واجب الادا فنڈ کو فوری طور پر جاری کیے بغیر صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی۔